مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں عام انتخابات 2018 کے لیے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرستیں ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں آویزاں کر دی گئی ہیں اور امیدواروں کو انتخابی نشان بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حتمی فہرستیں اردو حروف تہجی کی ترتیب سے فارم نمبر33 پر جاری کی ہیں جبکہ حتمی فہرست پر امیدواروں کے نام قومی شناختی کارڈ کے مطابق درج کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوار پولنگ سے 48 گھنٹے قبل یعنی 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوںگے، جس کے بعد 25 جولائی کو عام انتخابات کے لیے ملک میں بھر میں پولنگ ہوگی۔
ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرستیں ریٹرننگ افسران(آر اوز)اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران(ڈی آر اوز)کے دفاتر میں آویزاں کی گئی ہیں جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیے گئے ہیں ، امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری ہونے کے بعداب فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق حتمی فہرستیں لگنے اور انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے اور انھیں 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب (رات 12بجے) ہر صورت انتخابی مہم ختم کرنا ہوگی جبکہ 25جولائی کو عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک پولنگ ہوگی۔
آپ کا تبصرہ